پنجاب حکومت نئے مالی سال میں ٹیکس دہندگان پر کوئی اضافی بوجھ ڈالے بغیر ریونیو اہداف حاصل کرے گی،صوبائی وزیر خزانہ

وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نئے مالی سال میں ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر ریونیو اہداف حاصل کرے گی، جبکہ ٹیکس نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نئے مالی سال میں ٹیکس دہندگان پر کوئی اضافی بوجھ ڈالے بغیر ریونیو اہداف حاصل کرے گی۔نئے سال میں ٹیکس سسٹم کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

شفافیت،موثر انفورسمنٹ اور پہلے سے نافذ ٹیکسوں کی وصولیوں میں بہتری حکومت کی بنیادی ترجیحات ہوں گی۔ جعلی انوائسنگ اور ٹیکس چوری کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ نادہندگان کو ٹیکس کی ادائیگی پر آمادہ کیا جائے گا اور غیر رجسٹرڈ بزنسز رجسٹر کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام سالانہ اسٹریٹجک کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔اسٹریٹیجک کانفرنس میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا، بورڈ ممبران،پی آر اے کے سینئر افسران اہلکار شریک تھے۔صوبائی وزیرنے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو مالی سال2025-26 میں سالانہ محصولات میں 36 فیصد کی غیر معمولی شرح نمو کے ساتھ 368 ارب روپے کی وصولیوں پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پی آر اے نے مالی سال2025-26 میں پچھلے سال کی نسبت97 ارب روپے زائد ٹیکس اکٹھا کر کے شاندار کامیابی حاصل کی ہے جس کے لیے ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے ذاتی محاصل میں اضافہ وفاق پر انحصار میں کمی کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس سسٹم میں اصلاحات کا مقصد صرف محصولات میں اضافہ نہیں ہے،پنجاب حکومت ٹیکس سسٹم میں شفافیت کے فروغ اور بدعنوانیوں کے خاتمے کیلئے سر گرم عمل ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں محصولات میں اضافے کا مطلب سہولیات میں اضافہ ہے۔پنجاب حکومت ٹیکس کے پیسے کو صحت اور تعلیم کی سہولیات میں اضافے،کاروبار کیلئے ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکس سسٹم سے بد عنوانیوں کے خاتمے کے لیے شہریوں کا تعاون بھی ضروری ہے،شہری بلز کی ادائیگی کے وقت پکی رسید طلب کریں،ای بل یا ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں،نئے مالی سال میں انفورسمنٹ کو مزید موثر بنانے کے لیے پی آر اے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کانفرنس کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسناد بھی تقسیم کیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مالی سال 2025-26 میں اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا جو ادارے کی موثر حکمت عملی،ڈیجیٹل اصلاحات اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سسٹم کا نفاذ ٹیکس نظام سے بدعنوانیوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔رواں مالی سال میں مزید اصلاحات، ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس سسٹم میں اصلاحات اور شفافیت کے بغیر مقررہ اہداف کا حصول ممکن نہیں کیونکہ ٹیکس دہندگان کا ریاستی اداروں پر اعتماد ہی ان کی کامیابی کو یقینی بناتا ہے۔