پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے سمیجہ آباد کے علاقے محلہ رحمان پورہ میں قائم ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا۔
پنجاب فورڈ اتھارٹی کا غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ، ساڑھے 6 من مضر صحت گوشت تلف، ایک شخص گرفتار

مزید خبریں
ملتان۔ 03 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے سمیجہ آباد کے علاقے محلہ رحمان پورہ میں قائم ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ساڑھے 6 من سے زائد باسی، بدبودار اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا کر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر کی گئی کارروائی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ترجمان کے مطابق گوشت کی حالت انتہائی خراب، بدبودار اور رنگت تبدیل ہو چکی تھی، جس کے باعث اسے انسانی استعمال کے لئے غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ ویٹرنری ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والا گوشت انسانی صحت کے لئے مضر اور ناقابلِ استعمال تھا، جسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ گوشت کے نام پر شہریوں کو حرام اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔








