پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی بڑی کارروائی، 3 ہزار گندے انڈوں سے تیار 200 لیٹر آمیزہ تلف، کمپنی پر 50 ہزار روپے جرمانہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے راوت جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران گندے انڈوں سے تیار کیا گیا آمیزہ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا۔

راولپنڈی۔ 18 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے راوت جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران گندے انڈوں سے تیار کیا گیا آمیزہ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ایک معروف انڈے سپلائی کرنے والی کمپنی کی گاڑی کو روک کر چیک کیا گیا جس میں موجود نیلے ڈرموں سے تقریباً 3 ہزار خراب اور مضرِ صحت انڈوں سے تیار کیا گیا 200 لیٹر آمیزہ برآمد ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ آمیزہ راولپنڈی شہر کی مختلف بیکریوں اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو سپلائی کیا جانا تھا تاکہ اسے بیکری مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جا سکے۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تمام آمیزہ موقع پر تلف کر دیا جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ کمپنی کو 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث بڑی مقدار میں مضرِ صحت خوراک شہریوں تک پہنچنے سے روک لی گئی، جس سے عوام کی صحت کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں نگرانی اور کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ خوراک کے معیار سے متعلق کسی بھی شکایت یا معلومات کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

 

مزید خبریں