پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص اور جعلی اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے لکھوڈیر میں ایک بڑے آپریشن کے دوران جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والا یونٹ بے نقاب کر دیا
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لکھوڈیر میں جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والا یونٹ بے نقاب کر دیا،ترجمان
لاہور۔23جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص اور جعلی اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے لکھوڈیر میں ایک بڑے آپریشن کے دوران جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والا یونٹ بے نقاب کر دیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا نے بتایا کہ مختلف معروف برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔کارروائی کے دوران 2 ہزار 560 لیٹر تیار جعلی کولڈ ڈرنکس، 4 ہزار خالی بوتلیں، 140 کلوگرام سے زائد ڈھکن، فلیورز اور کیمیکلز تلف کر دیے گئے، جبکہ 2 فلنگ مشینیں، 3 سلنڈر، کاربونیشن مشین، پریشر پمپ اور دیگر مشینری بھی ضبط کر لی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈیڑھ لیٹر، ایک لیٹر اور آدھا لیٹر سائز کی جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کر کے مارکیٹ میں سپلائی کی جانی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مشروبات غیر فلٹر شدہ نلکے کے پانی، کھلے رنگوں، فلیورز اور ممنوعہ اجزا کے استعمال سے تیار کیے جا رہے تھے۔معائنہ کے دوران صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے جبکہ تیار محلول بغیر ڈھانپے ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا ہوا تھا۔ سید موسی رضا نے کہا کہ جعلسازی کا یہ مکروہ دھندا رہائشی علاقے میں خفیہ طور پر چلایا جا رہا تھا جس کا سراغ ویجیلنس ٹیم نے طویل ریکی کے بعد لگایا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔









