لاہور۔25فروری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت اور ناقص سویٹس تیار کرنے پر 4یونٹس سیل کر دیئے۔ترجمان کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے نشتر ٹائون وٹائون شپ میں فوڈ پوائنٹس اور سویٹس یونٹس کی چیکنگ کی، دوران چیکنگ ناقص اور مضر صحت اشیاء کے استعمال و قوانین کی خلاف ورزی پر 4یونٹس بند کر کے بھاری مقدار میں ممنوعہ مضر صحت اجزا تلف کر دیں۔ اس حوالے سے ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید کا کہناتھا کہ ناقص ایکسپائر خام مال برآمد ہونے، بدبودار ماحول، حشرات کی بھرمار اور ممنوعہ اجزا سے بیکری آئٹمز تیار کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہاکہ ان یونٹس میں کھلی نالیاں، ٹوٹے فرش اور سگریٹ کی باقیات موجود پائی گئیں جبکہ انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل بھی عدم موجود پائے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک کی تیاری میں ناقص مضر صحت اجزا استعمال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،صوبہ بھر میں خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈاتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ملاوٹ مافیا کا خاتمہ اولین ترجیح اور زیرو ٹالرنس کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ر ہے گا۔