پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 20 من گلے سڑے آم تلف، جوس پلانٹ کو 5 لاکھ جرمانہ

ملتان میں صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ رمیض ظفر کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے انڈسٹریل اسٹیٹ میں جوس پلانٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 20 من گلے سڑے اور بدبودار آم تلف کر دیے جبکہ جوس پلانٹ کو 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

ملتان۔ 11 اگست (اے پی پی):ملتان میں صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ رمیض ظفر کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے انڈسٹریل اسٹیٹ میں جوس پلانٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 20 من گلے سڑے اور بدبودار آم تلف کر دیے جبکہ جوس پلانٹ کو 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق غیر معیاری اور گلے سڑے آموں سے مینگو پلپ اور جوس تیار کیا جانا تھا۔ کارروائی کے دوران کولڈ اسٹور میں حشرات کی بھرمار اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات بھی پائے گئے۔انہوں نے کہا کہ خوراک کی تیاری میں جعل سازی، ناقص اشیائے خورونوش کے استعمال اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فوڈ سیفٹی قوانین نظر انداز کرنے والے عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں گی۔