قومی آرکائیوز کی جدیدکاری، 40 لاکھ نایاب دستاویزات اور تاریخی ریکارڈ ڈیجیٹلائز

:وفاقی حکومت نے نیشنل آرکائیوز آف پاکستان (این اے پی) کی جدیدکاری کے جامع پروگرام کے تحت تقریباً 40 لاکھ تاریخی دستاویزات اور ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی حکومت نے نیشنل آرکائیوز آف پاکستان (این اے پی) کی جدیدکاری کے جامع پروگرام کے تحت تقریباً 40 لاکھ تاریخی دستاویزات اور ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ اقدام پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے منصوبے "اسٹرینتھننگ اینڈ ماڈرنائزنگ نیشنل آرکائیوز آف پاکستان” کے تحت کیا جا رہا ہے۔ دستاویزات کی ڈیجیٹلائزیشن کے علاوہ منصوبے کے تحت 50 ہزار تاریخی ریکارڈز کی بحالی اور مرمت بھی کی گئی ہے تاکہ انہیں طویل عرصے تک محفوظ رکھا جا سکے۔دستاویزات کے مطابق نایاب کتابوں، مخطوطات، اخبارات اور دیگر قیمتی دستاویزات کے 27 لاکھ صفحات کی ڈیجیٹلائزیشن بھی مکمل کی جا چکی ہے، جو ملک کے تاریخی ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل ذرائع سے محفوظ بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔اس اقدام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حکومت نیشنل آرکائیوز میں ایک خصوصی آئی ٹی ونگ بھی قائم کر رہی ہے۔ تصاویر، مائیکرو فلم رولز، آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگز سمیت دیگر آرکائیول مواد کو بھی ڈیجیٹلائز کیا جا چکا ہے۔ دستاویزات کے مطابق جدیدکاری کا یہ پروگرام تاریخی ریکارڈ تک محققین، پالیسی سازوں اور عوام کی رسائی آسان بنا کر ای گورننس کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ناقابلِ تلافی تاریخی دستاویزات کو وقت کے ساتھ ہونے والی طبعی خرابی اور قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔نیشنل آرکائیوز کی جدیدکاری کا یہ جاری پروگرام جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آرکائیول ریکارڈ کے بہتر انتظام اور تاریخی اہمیت کی حامل دستاویزات تک عوامی رسائی میں اضافے کے ذریعے ملک کے دستاویزی ورثے کو محفوظ بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔