ہایئر ایجوکیشن کمیشن اور یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فائونڈیشن ان پاکستان کے درمیان پانچ سالہ فل برائٹ-ایچ ای سی معاہدے کی تجدید

پاکستان اور امریکا نے اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فائونڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) کے درمیان پانچ سالہ فل برائٹ-ایچ ای سی معاہدے کی تجدید کر دی۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):پاکستان اور امریکا نے اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فائونڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) کے درمیان پانچ سالہ فل برائٹ-ایچ ای سی معاہدے کی تجدید کر دی۔وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے مطابق تجدید شدہ معاہدہ مالی سال 27۔2026سے مالی سال 32۔2031تک نافذ العمل رہے گا، جس کے تحت فل برائٹ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرام، پوسٹ ڈاکٹریٹ وزٹنگ سکالر پروگرام، فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ پروگرام اور ہیوبرٹ ایچ ہمفری فیلوشپ پروگرام شامل ہوں گے۔

معاہدے کے تحت پانچ سالہ مدت کے دوران 66 پاکستانی پی ایچ ڈی سکالرز کو معاونت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر پروگراموں کے ذریعے بھی پاکستانی طلبہ، سکالرز اور ماہرین کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے مواقع میسر آئیں گے۔وزارت کے مطابق ایچ ای سی ہر سال کم از کم 4.54 ملین ڈالر فراہم کرے گا جبکہ پانچ سال کے دوران مجموعی مالیاتی عزم 6.48 ارب روپے تک ہوگا۔ معاہدے کے تحت یو ایس ای ایف پی کے پاس موجود ایچ ای سی کے فنڈز سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی وظائف کے لیے دوبارہ استعمال کی جائے گی جس سے مزید طلبہ کو فائدہ پہنچ سکے گا۔

معاہدے کے مطابق سکالرز کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوگا اور کسی مخصوص گروہ، خطے یا زمرے کے لیے کوئی کوٹہ مختص نہیں کیا جائے گا۔ ایچ ای سی انتخابی پینلز میں شرکت کرے گا اور قومی ترقی اور ملکی ترجیحات سے ہم آہنگ شعبہ ہائے تعلیم و تحقیق کے تعین میں بھی کردار ادا کرے گا۔ پروگرام کی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ جائزہ کمیٹی کا اجلاس سال میں دو مرتبہ ہوگا جبکہ یوایس ای ایف پی ایچ ای سی کو سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے فراہم کرے گا۔ اس طریقہ کار سے مالی شفافیت، جوابدہی اور موثر نگرانی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ تجدید شدہ شراکت داری میں پی ایچ ڈی وظائف کے علاوہ مشترکہ آگاہی و تشہیری مہمات، فیکلٹی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے تبادلے سمیت دیگر تعلیمی و تحقیقی اقدامات میں تعاون کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

وزارت کے مطابق یہ معاہدہ فروری 2016میں طے پانے والے فل برائٹ۔ایچ ای سی پی ایچ ڈی معاہدے کو آگے بڑھاتا ہے جس کے تحت مالی سال 2016 سے 2020 کے دوران 125 پاکستانی سکالرز کے لیے 25.786 ملین ڈالر مختص کیے گئے تھے۔ نیا معاہدہ ایچ ای سی اور یوایس ای ایف پی کے درمیان ایک دہائی پر محیط تعلیمی تعاون میں اہم سنگ میل اور فل برائٹ-ایچ ای سی تعاون کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہے۔

اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علمی استعداد کے فروغ کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ حکومت پاکستان نے معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں توسیع، تحقیق و جدت کے فروغ، باصلاحیت انسانی وسائل کی تیاری اور بین الاقوامی تعلیمی شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں