ایچ ای سی کے نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں تدریسی عملے کے لیے قومی رابطہ پروگرام کا آغاز کر دیا

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن (ناہے) نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں تدریسی عملے کے لیے قومی رابطہ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ یہ تربیتی پروگرام 10 اگست سے 3 ستمبر تک جاری رہے گا، جس کا مقصد اساتذہ کی تدریس، سیکھنے اور تحقیق کی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن (ناہے) نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں تدریسی عملے کے لیے قومی رابطہ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ یہ تربیتی پروگرام 10 اگست سے 3 ستمبر تک جاری رہے گا، جس کا مقصد اساتذہ کی تدریس، سیکھنے اور تحقیق کی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔پروگرام کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ناہے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔قائداعظم یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار چوہدری شہریار عطا نے ناہے کے قومی رابطہ پروگرام کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام تدریسی معیار کو بہتر بنانے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ناہے کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

 

مزید خبریں