نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 ہاؤسنگ بحران اور شہری ترقی کے چیلنجز سے نمٹنے میں اہم پیش رفت ہے، میاں ریاض حسین پیرزادہ

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری وزارت کے لیے اہم کامیابی اور تاریخی سنگِ میل ہے، پاکستان تقریباً ایک چوتھائی صدی سے تازہ اور جامع قومی ہاؤسنگ پالیسی سے محروم تھا۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری وزارت کے لیے اہم کامیابی اور تاریخی سنگِ میل ہے، پاکستان تقریباً ایک چوتھائی صدی سے تازہ اور جامع قومی ہاؤسنگ پالیسی سے محروم تھا۔ترجمان وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے مطابق ریاض حسین پیر زادہ نے کہا کہ نئی پالیسی ملک میں ہاؤسنگ کی کمی اور شہری ترقی کو درپیش ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے واضح سمت فراہم کرے گی اور پاکستان بھر میں جامع، سستی اور پائیدار رہائشی ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری پر وزارتِ ہائوسنگ و تعمیرات کے پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی کی تیاری میں تمام اہم سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی بھرپور کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری تقریباً 25 سال بعد عمل میں آئی ،سابقہ قومی ہاؤسنگ پالیسی 2001ء میں منظور کی گئی تھی، نئی پالیسی ہاؤسنگ اور شہری منصوبہ بندی کے شعبوں کے لیے جامع قومی فریم ورک فراہم کرے گی۔

میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ پالیسی کا بنیادی مقصد سب کے لیے مناسب، سستی اور پائیدار رہائش کے مواقع کو فروغ دینا ہے، بنیادی سہولیات اور معاون انفراسٹرکچر تک بہتر رسائی بھی اس کے اہم اہداف میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے اہم شعبوں کو نو موضوعات کے تحت شامل کیا گیا ہے جن میں رہائشی اراضی، ہاؤسنگ فنانس، تعمیراتی خدمات، ٹیکنالوجی و تعمیراتی مواد، درمیانے اور ثانوی شہروں کی ترقی، کچی آبادیاں، سستی رہائش، کم آمدنی والے طبقے و دیہی آبادی کے لیے کم لاگت رہائش، استعدادِ کار میں اضافہ اور علم و تجربات کا تبادلہ شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پالیسی میں اراضی کی دستیابی، ہاؤسنگ فنانس، تعمیرات و ٹیکنالوجی، متوازن شہری ترقی، کم آمدنی والے طبقے و دیہی آبادی کے لیے رہائش، ادارہ جاتی و قانونی اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی ماحول دوست و پائیدار رہائش کے لیے جامع فریم ورک فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 ملک میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے شعبے کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔وفاقی وزیر نے پالیسی کی تیاری میں وزارت کے پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ٹیم کی محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کی تعریف کی۔

مزید خبریں