نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی اقلیتی برادریوں کی قومی زندگی اور ملک کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی ترقی میں ان کی گراں قدر خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پیغام
اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی اقلیتی برادریوں کی قومی زندگی اور ملک کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی ترقی میں ان کی گراں قدر خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے اس وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان ایسا ملک ہو جہاں تمام شہریوں کے حقوق، وقار اور آزادیوں کا مکمل تحفظ کیا جائے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ اسلام کی تعلیمات میں مضبوطی سے راسخ ہے جو ہمیں تمام برادریوں کے لیے انصاف، وقار، مساوات اور احترام کو یقینی بنانے کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح پاکستان کا آئین بھی اقلیتوں کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور انہیں مساوی شہریت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق سے متعلق اہم بین الاقوامی معاہدوں کے فریق کی حیثیت سے پاکستان اپنے تمام شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور مذہب، نسل یا عقیدے کی بنیاد پر کسی قسم کے امتیاز کے بغیر ان حقوق کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی اقلیتی برادریوں کی قومی زندگی اور ملک کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی ترقی میں ان کی گراں قدر خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ان کی خدمات نے ہماری مشترکہ وراثت کو مالا مال کیا ہے اور ہمارے معاشرے کے باہمی رشتوں اور سماجی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ نائب وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ ہر شہری کو قانون کے تحت مساوی حقوق، مساوی مواقع اور مساوی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے پاکستان کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جہاں ہر شہری وقار، تحفظ اور احساسِ وابستگی کے ساتھ زندگی گزار سکے اور ہمارے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرسکے۔








