وزارت آئی ٹی اور میٹا کا ’’سمال بزنس گروتھ اکیڈمی‘‘ کا آغاز

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور میٹا نے پاکستان کے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے کے لیے’’سمال بزنس گروتھ اکیڈمی‘‘ کا آغاز کر دیا۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور میٹا نے پاکستان کے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے کے لیے’’سمال بزنس گروتھ اکیڈمی‘‘ کا آغاز کر دیا۔ سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا آغاز ایک سنگِ میل اقدام ہے جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنا اور صنعت کاروں کو ترقی، جدت اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا ہے۔ یہ اقدام حکومت کے اس وژن کے مطابق ہے جس کے تحت ایک ایسی شمولیت پر مبنی اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار معیشت تشکیل دینی ہے جس میں کاروبار بالخصوص چھوٹے ادارے اور خواتین کے زیرِ انتظام چلنے والے ایس ایم ایز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے، اپنے گاہکوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں زیادہ موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کر سکیں۔ سمال بزنس گروتھ اکیڈمی، میٹا کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اے آئی ٹولز کے عملی اور مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرے گی۔ یہ پروگرام میٹا کے تعاون سے فراہم کیا جائے گا، جسے اٹم کیمپ (AtomCamp) نافذ کرے گا جبکہ اسے اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (Ignite)، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (P@SHA)، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ایس بی)، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)، اور ڈائل زیرو (DialZero) کی معاونت حاصل ہوگی۔اس پروگرام کا ہدف بالمشافہ (in-person) اور ورچوئل ورکشاپس، منظم تعلیمی ماڈیولز اور شراکت داروں کے تعاون سے دی جانے والی تربیت کے ذریعے پاکستان بھر کے 1,000 سے زائد چھوٹے کاروباروں تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ اس تربیت کا بنیادی مقصد صنعت کاروں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل موجودگی کو قائم و مضبوط کر سکیں، نئے گاہکوں تک پہنچیں، مارکیٹنگ کی افادیت کو بہتر بنائیں، گاہکوں کے ساتھ بات چیت کو خودکار (automate) بنائیں، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کریں اور مقامی و بین الاقوامی منڈیوں میں توسّیع کے مواقع کی نشاندہی کر سکیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا خواجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے ایس ایم ایز کو ڈیجیٹل اور اے آئی صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ایک زیادہ شمولیت پسند، جدید اور مسابقتی معیشت کی تعمیر کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور انہیں ڈیجیٹل اور اے آئی صلاحیتوں سے بااختیار بنانا ایک شمولیت پسند اور جدت پر مبنی مستقبل کے بارے میں وزیراعظم کے وژن کا مرکزی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹا کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم معنی خیز پبلک پرائیویٹ تعاون کو فروغ دیں جو کہ کاروباروں کے لیے مواقع پیدا کرے، ڈیجیٹل مہارتوں کو مضبوط بنائے اور ڈیجیٹل نیشن پاکستان کی جانب پاکستان کے سفر کو تیز کرے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور انڈسٹری کے دیگر سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے فوائد ملک بھر کے تمام کاروباروں تک پہنچیں۔اس موقع پر ایشیا پیسفک کے لیے میٹا کے ایسوسی ایٹ پبلک پالیسی منیجر تیہارا پنچی ہیوا (Tehara Punchihewa) نے کہاکہ میٹا میں ہم روزانہ دیکھتے ہیں کہ کس طرح چھوٹے کاروبار اپنے گاہکوں تک پہنچنے اور آگے بڑھنے کے لیے ہمارے اے آئی سے لیس ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں۔سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا مقصد زیادہ سے زیادہ صنعت کاروں کو وہ عملی مہارتیں اور معاونت فراہم کرنا ہے جن کی مدد سے وہ ان ٹولز کو اعتماد کے ساتھ استعمال کر سکیں، زیادہ موثر مقابلے کی صلاحیت حاصل کر سکیں اور ڈیجیٹل معیشت کے پیدا کردہ مواقع کا حصہ بن سکیں۔یہ پروگرام لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، حیدرآباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت تمام بڑے شہروں میں نافذ کیا جائے گا، جس میں خواتین کے زیرِ انتظام چلنے والے کاروباروں اور ٹیکسٹائل، دستکاری اور آئی ٹی سروسز کی اہم صنعتوں سے وابستہ افراد کی معاونت پر خاص توجہ دی جائے گی۔سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کو ایشیا پیسفک خطے کے 12 ممالک میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا ابتدائی مقصد پورے خطے میں کاروباروں کی معاونت کرنا ہے۔ پاکستان میں اس پروگرام کو مقامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے گا، جس میں ان عملی ڈیجیٹل صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی جو براہِ راست کاروباری نمو، مارکیٹ تک بہتر رسائی اور بڑھتی ہوئی مسابقت میں ڈھل سکیں۔ پاکستان میں سمال بزنس گروتھ اکیڈمی، میٹا کے اس وسیع تر ایشیا پیسفک اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد حکومتوں، انڈسٹری پارٹنرز اور مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر صنعت کاروں کو عملی ڈیجیٹل اور اے آئی مہارتوں سے لیس کرنا اور ڈیجیٹل معیشت کے مواقع میں ان کی شمولیت کو بڑھانا ہے۔