خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پاکستان بھر کی تمام اقلیتی برادریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی خدمات اور کردار قابلِ قدر ہیں۔
پاکستان کی ترقی تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی خدمات سے مزید مستحکم ہوتی ہے، آصفہ بھٹو زرداری

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پاکستان بھر کی تمام اقلیتی برادریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی خدمات اور کردار قابلِ قدر ہیں۔اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک کے لیے اقلیتی برادریوں کی گراں قدر خدمات اور کردار کو تسلیم کرنے اور اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہر شہری قومی برادری کا مساوی رکن ہے۔
خاتون اول نے کہا کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعلیم، صحت، قانون، عوامی خدمت، کاروبار، مسلح افواج، فنون، کھیل اور دیگر شعبوں میں ملک کی خدمت کی ہے، ان کی کامیابیاں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی داستان کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مساوات کا عملی اظہار ہر شہری کو حاصل حقوق اور مواقع میں ہونا چاہیے، قانون کو تمام شہریوں کو یکساں تحفظ فراہم کرنا چاہیے اور ہر پاکستانی کو مذہب کی بنیاد پر کسی امتیاز کے بغیر ملک کی سماجی، معاشی اور شہری زندگی میں بھرپور حصہ لینے کے یکساں مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کا زیادہ جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں خصوصی کردار ہے۔
ہمیں یقینی بنانا چاہیے کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو تعلیم کے حصول، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ملک کے مستقبل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی خواتین کو بھی تعلیم، روزگار اور عوامی زندگی میں بھرپور شرکت اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔خاتون اول نے کہا کہ تمام اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ مساوات اور انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھا جائے، ہر شہری کے ساتھ منصفانہ سلوک یقینی بنایا جائے اور اسے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
انہوں نے خاندانوں، تعلیمی اداروں، برادریوں اور عوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے درمیان احترام، باہمی سمجھ بوجھ اور مساوی سلوک کو فروغ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج نوجوانوں کو جو اقدار سکھائی جائیں گی، وہی مستقبل میں ان کے تعمیر کردہ پاکستان کی صورت گری کریں گی۔آصفہ بھٹو زرداری نے اقلیتی برادریوں کی خدمات اور کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان اپنے تمام شہریوں کے لیے مساوات، احترام اور یکساں مواقع کے ساتھ مسلسل ترقی کی جانب گامزن رہے۔








