صوبائی وزیر صحت کی زیرصدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اجلاس

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیرکی زیرصدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں زیر تعمیر جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر جاری پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

لاہور۔11اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیرکی زیرصدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں زیر تعمیر جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر جاری پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران اسد علی خان، ڈاکٹر زبیر اکرم اور ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سبرینا جمیل نے شرکت کی۔

وڈیو لنک کے ذریعے پروفیسر حسنات خان، بورڈ ممبر عرفان علی، پروین قادر آغا، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی، محکمہ قانون سے شاہد امتیاز، پی آئی سی سے ڈاکٹر نادیہ قمر و دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں مختلف اسامیوں پر جاری بھرتی کے عمل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے او پی ڈی کو عوام کیلئے جلد کھولنے کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق انسٹی ٹیوٹ خطے کی عوام کو عالمی معیار کی صحت سہولیات دے گا۔ انسٹی ٹیوٹ کو جلد مکمل فعال کرکے دل کے مریضوں کو نئی سہولتیں دی جائیں گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یہ ادارہ امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے لینڈ مارک ثابت ہوگا۔ صوبہ بھر میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے کہاکہ ادارے کی بہتری کیلئے تمام ممبرز اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ادارے کو شفاف اور جدید ہیلتھ ماڈل کے طور پر قائم کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں