وزارت قانون و انصاف نے اسلام آباد، لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تعیناتی، اضافی ججز کی تقرری اور بعض ججز کی مدت میں توسیع کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ۔
اسلام آباد، لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تعیناتیاں، وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کردیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزارت قانون و انصاف نے اسلام آباد، لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تعیناتی، اضافی ججز کی تقرری اور بعض ججز کی مدت میں توسیع کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ۔
وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایاز شوکت، عمیر مجید ملک اور شاہ رخ ارجمند کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر ان سے حلف لیں گے جبکہ حلف برداری تقریب کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، عامر اعجاز ملک، شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، منور اقبال دوگل، فرہاد علی شاہ، محمد عثمان غنی اور خالد ابن عزیز کو اضافی جج مقرر کیا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے لیے بھی تین اضافی ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ محمد ہمایوں خان، سریش کمار اور ڈاکٹر شاہنواز میمن کو سندھ ہائیکورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت قانون نے سندھ ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کو مستقل جج مقرر کرنے کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جبکہ ایڈیشنل جج خالد حسین شاہانی کی مدت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے بھی تین ایڈیشنل ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے وکیل رئوف عطا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اللہ داد روشن اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقیوم لہری کو بلوچستان ہائیکورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ کے تینوں ایڈیشنل ججز کی تقرری ان کے حلف اٹھانے کی تاریخ سے ایک سال کے لیے ہوگی۔








