پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 2ہزار 560لٹر سے زائد ملاوٹی ناقص دودھ تلف

130
Fake milk
Fake milk

لاہور۔3نومبر (اے پی پی):ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر لاہور بھر میں دودھ سپلائرز کی چیکنگ جاری ہے۔ 267دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 14 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود دودھ کو فیل قرار دیا گیا جبکہ 253 دودھ بردار گاڑیاں پاس قرار دی گئیں۔ ناکہ بندی کے دوران 3لاکھ 60ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کے دوران 2ہزار 560لٹر دودھ تلف کر کے متعدد کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق گجومتہ، بابو صابو، اڈا پلاٹ، ٹھوکر، راوی پل اور جلو موڑ انٹری پوائنٹس سے آنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے 2 ہزار 560 لیٹردودھ تلف کر دیا گیا۔تلف کیے گئے دودھ میں پانی، پاوڈر کی ملاوٹ، فیٹ کی کمی پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ ماہِ اکتوبر میں 55ہزار 563 دودھ بردار گاڑیوں اور ڈیری شاپس کی چیکنگ کی گئی جس میں مجموعی طور پر 3492 کو 2کروڑ 65لاکھ 53ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔

ماہِ اکتوبر میں 3کروڑ 34لاکھ 24ہزار لٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کے دوران1کھ 32ہزار لٹر سے زائد ملاوٹی ناقص دودھ کو تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا ملاوٹی دودھ کا استعمال معدہ، جگر، آنتوں کے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔دودھ کی مسلسل چیکنگ سے معیار میں بہتری آئی ہے۔ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، ہرگز کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔شہری گھر میں استعمال کیے جانے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔