ٹریفک پولیس پنجاب نے رکشہ ڈرائیورز کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات جاری رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں ہر اتوار کمرشل ڈرائیونگ ٹیسٹ کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
پنجاب میں رکشہ ڈرائیورز کیلئے ڈرائیونگ ٹیسٹ، لائسنس کی فراہمی جاری

مزید خبریں
لاہور۔12جولائی (اے پی پی):ٹریفک پولیس پنجاب نے رکشہ ڈرائیورز کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات جاری رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں ہر اتوار کمرشل ڈرائیونگ ٹیسٹ کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر کمرشل اور نان کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ صوبہ بھر میں کمرشل کیٹگری کے تحت رکشہ جبکہ نان کمرشل کیٹگری میں کار اور موٹر سائیکل کے ڈرائیونگ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ رکشہ ڈرائیورز کی سہولت کیلئے ہر اتوار خصوصی کمرشل ڈرائیونگ ٹیسٹ منعقد کیے جاتے ہیں جبکہ لائسنسنگ مراکز پر ان کیلئے خصوصی کانٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ رواں سال اب تک صوبہ بھر میں65 ہزار سےزیادہ رکشہ ڈرائیورز لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں، جن میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے9 ہزار400 سے زائد رکشہ ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے رکشہ ڈرائیورز کیلئے اتوار کے روز ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد ممکن بنایا گیا تاکہ روزگار سے وابستہ افراد اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ باآسانی لائسنس حاصل کر سکیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ پہلے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں اور پھر پراعتماد ہو کر روزگار کمائیں، کیونکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنا جرم ہے۔ محمد وقاص نذیر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری پر بھی زور دیا۔








