پنجاب حکومت امپروونگ ورک فورس ریڈی نیس اِن پنجاب پراجیکٹ کے تحت 2029 تک تقریباً 90 ہزار طلبہ کو معیشت کے 8 ترجیحی شعبوں میں تربیت فراہم کرے گی۔
پنجاب میں 2029 تک 90 ہزار طلبہ کو آٹھ اہم معاشی شعبوں میں تربیت دی جائے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):پنجاب حکومت امپروونگ ورک فورس ریڈی نیس اِن پنجاب پراجیکٹ کے تحت 2029 تک تقریباً 90 ہزار طلبہ کو معیشت کے 8 ترجیحی شعبوں میں تربیت فراہم کرے گی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق 2023 میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ 2029 تک جاری رہے گا۔ اس کا مقصد مہارتوں کے جائزے (سکلز میپنگ سٹڈی) کی بنیاد پر تربیتی پروگرام متعارف کرا کے تکنیکی تعلیم اور لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے درمیان موجود خلاء کو کم کرنا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ طلبہ کو روایتی اور محدود روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے کورسز کے بجائے صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ عملی تربیت دی جائے۔منصوبے کے اہم اہداف میں 19 تکنیکی اور ووکیشنل اداروں کو سینٹرز آف ایکسی لینس میں اپ گریڈ کرنا شامل ہے جن میں ٹیوٹا کے 16 اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (پی وی ٹی سی) کے تین ادارے شامل ہیں۔
اپ گریڈ کئے جانے والے اداروں میں طلبہ کو آٹھ ترجیحی معاشی شعبوں یعنی آٹوموٹیو، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی)، سیاحت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، تعمیرات، صحت اور لائٹ انجینئرنگ میں تربیت فراہم کی جائے گی۔منصوبے کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ مہارتوں کے جائزے کی بنیاد پر تقریباً 90 ہزار طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیت دی جائے گی جس سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بہتر ہونے اور پنجاب کے صنعتی و خدماتی شعبوں کو تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
دستاویزات میں تکنیکی اور ووکیشنل تعلیم و تربیت (ٹی وی ای ٹی) کے انتظامی نظام اور لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کی اپ گریڈیشن کا بھی ذکر کیا گیا ہے تاکہ ٹی وی ای ٹی شعبے کے منصوبہ سازوں اور دیگر متعلقہ اداروں کو بروقت اور معیاری معلومات فراہم کی جا سکیں۔اس نظام کے ذریعے پالیسی ساز، تربیتی ادارے اور صنعتی نمائندے مہارتوں کی کمی کی زیادہ درست نشاندہی کر سکیں گے اور لیبر مارکیٹ کی حقیقی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرام ترتیب دے سکیں گے۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب کی معیشت کو انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات، ٹیکسٹائل، صحت، لائٹ انجینئرنگ اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل تربیت یافتہ افرادی قوت درکار ہے۔ یہ منصوبہ تربیتی پروگراموں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور منتخب تکنیکی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے ذریعے اس ضرورت کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔








