پنجاب پولیس ایتھلیٹ اطہر جہان نے مسٹر یونیورس چیمپئن شپ 2026 میں گولڈ اور برونز میڈل اپنے نام کر لیا،ترجمان

پنجاب پولیس کے ایتھلیٹ اطہر جہان نے بنکاک، تھائی لینڈ میں منعقدہ مسٹر یونیورس چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور ایک برونز میڈل اپنے نام کر لیا۔

لاہور۔15جون (اے پی پی):پنجاب پولیس کے ایتھلیٹ اطہر جہان نے بنکاک، تھائی لینڈ میں منعقدہ مسٹر یونیورس چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور ایک برونز میڈل اپنے نام کر لیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اطہر جہان نے جونیئر مسٹر یونیورس کیٹیگری میں گولڈ میڈل جبکہ مسٹر یونیورس مینز فزیک مقابلوں میں برونز میڈل حاصل کیا۔ عالمی سطح کے اس ایونٹ میں دنیا بھر سے نامور ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں پاکستانی پولیس ایتھلیٹ نے نمایاں کامیابی حاصل کرکے ملک اور محکمہ پولیس کا نام روشن کیا۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے مسٹر یونیورس چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنے پر اطہر جہان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیس کے کھلاڑی بین الاقوامی اور قومی سطح پر مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور عالمی مقابلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑی پوری فورس کا فخر ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں تاکہ وہ مستقبل میں بھی ملک و قوم کے لیے اعزازات حاصل کرتے رہیں۔

دریں اثنا، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ عمران ارشد اور چیف سپورٹس آفیسر اطہر اسماعیل نے بھی اطہر جہان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے فاتح کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔