پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس کی صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صوبہ بھر میں 75 کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے 87 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور 156.61 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔اس ضمن میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 75 کامیاب آپریشنز کیے گئے جن میں 87 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 156.61 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں،

جن کی تخمینہ مالیت2 کروڑ95 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ ترجمان پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق کارروائیاں بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، ملتان، راولپنڈی، سرگودھا اور ساہیوال میں کی گئیں۔برآمد ہونے والی منشیات میں96.6 کلوگرام چرس، 10.4 کلوگرام آئس،5.9 کلوگرام افیون،42.2 کلوگرام بھنگ،1.2 کلوگرام ہیروئن اور188 شراب کی بوتلیں شامل ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران 13 پستول،2 رائفلز اور12 بور کی2 بندوقیں بھی برآمد کی گئیں ۔ترجمان نے کہا کہ صوبے میں منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔