پنجاب کے دریائوں میں 24 گھنٹوں کے دوران پانی کا بہائو مستحکم رہا، اپر کیچمننٹس میں بارشیں رک چکی ہیں جس سیلابی صورتحال میں کمی ہورہی ہے
پنجاب کے دریائوں میں 24 گھنٹوں کے دوران پانی کا بہائو مستحکم رہا، ترجمان پی ڈی ایم اے

مزید خبریں
لاہور۔27جولائی (اے پی پی):پنجاب کے دریائوں میں 24 گھنٹوں کے دوران پانی کا بہائو مستحکم رہا، اپر کیچمننٹس میں بارشیں رک چکی ہیں جس سیلابی صورتحال میں کمی ہورہی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے ،کالا باغ میں 2 لاکھ 73 ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہائو3 لاکھ 13ہزار کیوسک ہے۔ تونسہ بیراج میں پانی کا بہائو 3 لاکھ 64 ہزار کیو سک ہے۔دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی ہو رہی ہے۔چناب میں مرالہ ، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔مرالہ کی مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 43 ہزار کیوسک ،خانکی کے مقام پر 1 لاکھ 20ہزار کیوسک ، قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 23 ہزار کیوسک اور تریموں میں پانی کا بہائو 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے۔دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہائو نارمل ہے۔دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے اور پانی کا بہائو 60 ہزار کیوسک ہے۔اسی طرح جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہائو نارمل ہے۔ نارروال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہائو 3 ہزار کیوسک ہے۔ وزیر آباد میں نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہائو 5 ہزار کیوسک ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کےباعث دریائوں کے بہائو میں اضافہ ہوا ، اب دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہیں اور 24 گھنٹوں سے دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں ۔حکومت پنجاب کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل ہیں۔فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دریائوں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں ۔








