پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیرِ اہتمام پنجابی ادب اور عصری سیاسی فکر کے موضوع پر ایک علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں سکالرز، اساتذہ اور کتب بینی کے شوقین افراد نے شرکت کی
پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں پنجابی ادب پر خصوصی نشست کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔2نومبر (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیرِ اہتمام پنجابی ادب اور عصری سیاسی فکر کے موضوع پر ایک علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں سکالرز، اساتذہ اور کتب بینی کے شوقین افراد نے شرکت کی۔ نشست کے دوران دو اہم کتابوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی، جن میں ادبی اور فکری موضوعات کے مختلف پہلوئوں کا احاطہ کیا گیا۔ پنجابی کتاب کے سیشن میں پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمان نے پروفیسر پریتم سنگھ کی کتاب ان سرچ آف شیخ فرید آف گورو گرنتھ صاحب پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کتاب میں شیخ فرید کے ادبی اور فکری ورثہ سے متعلق مباحث اور پنجابی ادب و ثقافت کی وسیع تر روایات کے تناظر میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انگریزی کتاب کے سیشن میں پروفیسر اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹرشاہ زیب خان نے نومی کلین اور آسٹرا ٹیلر کی مشترکہ تصنیف End Times Fascism: And the Fight for the Living World پرروشنی ڈالی۔
انہوں نے کتاب میں عصرِ حاضر کی فاشزم، موجودہ سیاسی حالات اور جدید دنیا کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے پیش کیے گئے تنقیدی جائزے پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس نشست نے شرکا کو اہم ادبی اور عصری مسائل پر علمی تبادلہ خیال اور اپنے خیالات کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔ پنجابی ادبی ورثے اور موجودہ سیاسی فکر کو یکجا کرتے ہوئے بک کلب نے تنقیدی سوچ، علمی مکالمے اور جامعاتی کمیونٹی میں مطالعے کے فروغ کی اپنی روایت کو برقرار رکھا۔چیف لائبریرین محمد آصف خان نے ایک متحرک علمی ماحول کے قیام اور مطالعے و بامقصد مکالمے کی دیرپا روایت کو فروغ دینے کے لیے پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بک کلب کے باقاعدہ اجلاس ممتاز اسکالرز اور قارئین کو ادب، تاریخ، ثقافت اور عصری فکر سے متعلق اہم تصانیف پر اپنے خیالات اور نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔








