پولیو مہم میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، ڈپٹی کمشنر مری

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کے اہداف، مائیکرو پلاننگ، سکیورٹی انتظامات اور پولیو ٹیموں کی تشکیل سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا

مری۔15اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کے اہداف، مائیکرو پلاننگ، سکیورٹی انتظامات اور پولیو ٹیموں کی تشکیل سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع مری کے تمام بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی موثر نگرانی، عملے کی دستیابی اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ والدین میں آگاہی پیدا کرنے اور عوامی تعاون یقینی بنانے کے لیے بھی موثر اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ موثر نگرانی، مشترکہ کوششوں اور عوامی تعاون سے ضلع مری کے ہر بچے تک پولیو سے بچائو کے قطرے پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) عمر وقار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر) ملک ارشد نعمت، اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر) ارشد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں تیمور، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، ایم ایس ٹی ایچ کیو میاں اویس عالم، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیٹر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔