پولیو کےماحولیاتی سیمپل مثبت آنے پر ڈویژنل کمشنر کا اظہارِتشویش

109
Polio

حیدرآباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر سید خالد حیدر شاہ نے حیدرآباد میں پولیو کا ایک اور ماحولیاتی سیمپل مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ 8 جنوری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ٹاسک فورس فار پولیو کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے ڈویژن کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کو موثر بنانے کے لیے مائیکرو پلان پر کام کیا جائے اور انکاری کیسز کو زیرو سطح پر لایا جائے۔ کمشنر حیدرآباد نے ڈویژن کے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی تین ماحولیاتی سیمپل مثبت آنے کے بعد اس مہم پر مکمل توجہ دی جائے اور تمام متعلقہ افسران اپنے اضلاع میں پولیو مہم کے حوالے سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے فوکل پرسن ڈویژنل ٹاسک فورس ڈاکٹر جمشید خانزادہ نے کہا کہ ماحولیاتی سیمپل مثبت آنے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے پولیو مہم کے حوالے سے ٹیموں کی تشکیل اور فوکس گروپ کی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

حیدرآباد میں ملک کے مختلف شہروں سے لوگوں کی آمد و رفت بہت زیادہ ہے اس لیے وائرس منتقل ہونے کے چانسز ہوتے ہیں۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں مہم کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی ، ڈپٹی کمشنر جامشورو علی ذوالفقار میمن ، ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر لالا جعفر، فوکل پرسن ڈویژنل ٹاسک فورس ڈاکٹر جمشید خانزادہ ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔