پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے ،اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،وزیراعظم محمد شہباز شریف

پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے ،اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے ،اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،علاقائی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پوری قوم مل کر پٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزرا ءاحسن اقبال، عبد العلیم خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، سردار اویس احمد لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طارق باجوہ اور طلحہ برکی، گورنر سٹیٹ بینک، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل آف پولیس سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو خطے میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر معاشی استحکام کے لیے کفایت شعاری سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد اور پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آج سے نافذ العمل بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات کو 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے،صوبائی حکومتوں سے تیل پر سبسڈی کے حامل افراد کے کوائف موصول ہونے شروع ہو گئے ہیں اور تصدیق کے بعد ایک شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انہیں سبسڈی کی ادائیگی کی جا رہی ہے،

وزارت آئی ٹی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے 4 اپریل سے مال بردار گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں کو سبسڈی کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ علاقائی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پوری قوم مل کر پٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے،پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے اور اس مکروہ فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا ایک حصہ پیٹرولیم مصنوعات پر منحصر ہے،مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے اور دیگر کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچانا بلکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔

 

مزید خبریں