پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی پی ایس او اخراجات میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، لوگوں کی تنقید کا خیر مقدم کرتا ہوں، وفاقی وزیر خزانہ

72

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی پی ایس او اخراجات میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، لوگوں کی تنقید کا خیر مقدم کرتا ہوں، جانتا ہوں کہ میں اپنے ملک سے مخلص ہوں اور اسے ڈیفالٹ ہونےسے بچایا ہے۔ منگل کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سینئر صحافی حامد میر کی ٹویٹرپر نوک جھوک ہوئی۔

حامد میر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے دعوے کی خبر شیئر کی اور لکھا ’’مفتاح صاحب آپ ہمیشہ غلط کیوں نکلتے ہیں ؟‘‘۔ جواب میں وزیر خزانہ نے کہا ’’میر صاحب ہم نے پٹرولیم مصنوعات پر ایک روپیہ بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا ہے جو قیمتیں بڑھی ہیں یا کم ہوئی ہیں صرف پی ایس او کی خرید کے مطابق کم ہوئی ہیں یا بڑھی ہیں‘‘۔حامد میر نے جواب دیا کہ ’’مفتاح صاحب سادہ سا سوال یہ ہے کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہو گیا آپ نے مہنگا کیوں کر دیا؟‘‘۔

حامد میر نے کہا ’’آپ پاکستان کے وزیر خزانہ ہیں، آپ نے قیمتوں میں ایک دن اضافے سے قبل یہ دعویٰ کیوں کیا کہ قیمتیں نہیں بڑھائی جارہیں؟‘‘۔ مفتاح اسماعیل نے جواب دیا ’’میں ایک آسان ہدف ہوں جوکہ ٹھیک ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی پی ایس او اخراجات میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، لوگوں کی تنقید کا خیر مقدم کرتا ہوں، جانتا ہوں کہ میں اپنے ملک سے مخلص ہوں اور اسے ڈیفالٹ ہونےسے بچایا ہے‘‘۔