پٹرول ریلیف کا دائرہ دو کروڑ افراد تک بڑھنے کا امکان، حکومت اور جماعت اسلامی میں تجاویز پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی قائم، رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس وقت موٹر سائیکلوں، 800 سی سی سے کم گاڑیوں اور تین پہیوں والی سواریوں کے مالکان سمیت ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کو فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں یہ تعداد دو کروڑ تک …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس وقت موٹر سائیکلوں، 800 سی سی سے کم گاڑیوں اور تین پہیوں والی سواریوں کے مالکان سمیت ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کو فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں یہ تعداد دو کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ملاقات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت جماعت اسلامی کی اس سوچ اور کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کہ عام آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف ملنا چاہیے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ریلیف کو موثر اور ہدفی بنایا جائے تاکہ اس سے زیادہ مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے، حکومت اپنے دستیاب وسائل کے مطابق عوامی ریلیف میں مزید اضافے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کی کوششوں سے اسلامی ممالک کے درمیان تصادم کی خواہش رکھنے والے عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہو سکے جو عالم اسلام کے لیے ایک اہم خدمت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اس وقت عالمی سطح پر جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے موثر کردار ادا کر رہا ہے جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم کے مشیر نے امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی کی قیادت موجودہ نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی یکجہتی اور امن کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تجاویز غور سے سنی گئی ہیں اور ان پر عمل درآمد کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کمیٹی کے ذریعے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر عوامی ریلیف کو مزید موثر بنانے اور اس کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے خلوص نیت سے کام کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں عام اور غریب آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی جبکہ ملک میں امن و امان اور قومی اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں