کارڈف ۔7جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پہلے ون ڈے میچ سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم تبدیل ہونے سے مایوسی ہوئی، مثبت کرکٹ کھیل کر فتح حاصل کریں گے، ہم نے جن کھلاڑیوں کیلئے پلان کیا تھا وہ تبدیل ہوگئے، نئے انگلش کھلاڑیوں کے خلاف بھی پلان بنا لیا ہے۔ بدھ کو پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز سے قبل آن لائن پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ ون ڈے کی نمبر ون ٹیم ہے اسے آسان حریف نہیں سمجھ سکتے۔
ہمیں بے خوف کرکٹ کھیلنا پڑے گی۔ بابر اعظم نے کہا کہ ڈربی میں ٹریننگ کرنے سے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملا ہے، ہم نے ون ڈے کرکٹ کے پلان کے ساتھ ٹریننگ کی۔ سیشنز بھی ہوئے پریکٹس میچ اور سیناریو میچز بھی کھیلے جس سے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے، کارڈف میں اچھی کرکٹ کے لیے پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کے تبدیل ہونے سے مایوسی ہو ئی ہے، حالات کو سمجھنا چاہیے ، کورونا کے غیر معمولی حالات کا سامنا کرتے ہوئے ہم شائقین کے لئے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ہم بائیو سیکور ببل میں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اعتماد بڑھایا اور کہا ہے معاملات کو مزید اچھا کریں گے۔
ان مشکل حالات میں مثبت سوچ رکھنے پر میں اپنے کھلاڑیوں کو کریڈٹ دوں گا۔ کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ وہی ہے جو پہلے تھا ہمارا فوکس کرکٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا ہم پروفیشنل ہیں اور اس طرح کی چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کرکٹ ہماری ترجیح ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ جب انگلینڈ کے کیمپ میں کورونا کیسز کا پتہ چلا تو ہمارے ذہن میں یہ نہیں آیا تھا کہ ہمیں کرکٹ نہیں کھیلنا ہے۔ کل کے میچ پر فوکس ہے اور مثبت انداز سے میدان میں اتریں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے لئے یہ سیریز بڑی اہم ہے۔ ہم نے ورلڈ سپر لیگ سیریز کے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں نئے لڑکے ہیں لیکن ہم انہیں جانتے ہیں۔ ہم نے جن انگلش کھلاڑیوں کے لئے پلان تیار کیا تھا اب وہ تبدیل ہو گئے ہیں، اب نئے کھلاڑیوں کے لئے بھی نیا پلان بنا لیا ہے۔ ہمارے فوکس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔