پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کی وفات سے امت مسلمہ ایک عظیم مربی، مصلح اور رہنما سے محروم ہو گئی ہے، سید عنایت علی شاہ

راولپنڈی/ اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ سید عنایت علی شاہ نے کہا ہے کہ معروف روحانی و دینی شخصیت پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کی وفات سے امتِ مسلمہ ایک عظیم مربی، مصلح اور رہنما سے محروم ہو گئی ہے، ان کی دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دینی و روحانی تربیت کے روشن مینار تھے جنہوں …

راولپنڈی/ اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ سید عنایت علی شاہ نے کہا ہے کہ معروف روحانی و دینی شخصیت پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کی وفات سے امتِ مسلمہ ایک عظیم مربی، مصلح اور رہنما سے محروم ہو گئی ہے، ان کی دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دینی و روحانی تربیت کے روشن مینار تھے جنہوں نے اپنی زندگی دینِ اسلام کی خدمت، تزکیہ نفس، اصلاحِ معاشرہ اور محبت و اخلاص کے پیغام کو عام کرنے میں بسر کی، ان کا فیض صرف ایک خطے تک محدود نہیں رہا بلکہ دنیا بھر میں ان کے تربیت یافتہ افراد آج بھی دین کی خدمت میں مصروف ہیں۔

یہ بات انہوں نے پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر علما کرام، مشائخ عظام، تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے عہدیداران، کارکنان اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سید عنایت علی شاہ نے کہا کہ مرحوم تصوف کی آبرو اور علم و عمل کے سالار تھے، جنہوں نے نصف صدی سے زائد عرصے تک تصنیف و تالیف، وعظ و نصیحت اور روحانی اصلاح کے ذریعے امت کی رہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ امن، رواداری، اخوت اور باہمی احترام کا درس دیا اور عملی طور پر سادہ زندگی اور اعلی کردار کی مثال قائم کی۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک پر نہیں ہو سکے گا۔آخر میں سید عنایت علی شاہ نے دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالی پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور لواحقین و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل اس غم کی گھڑی میں مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔