پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اورقائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہفتہ 4 اپریل کو منائی گئی۔ انہوں نے ایک شخص ایک ووٹ سے لے کر ملک کوایٹمی قوت بنانے تک بے شمار کارنامے سرانجام دیئے۔

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اورقائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہفتہ 4 اپریل کو منائی گئی۔ انہوں نے ایک شخص ایک ووٹ سے لے کر ملک کوایٹمی قوت بنانے تک بے شمار کارنامے سرانجام دیئے۔ ذو الفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سر شاہ نواز بھٹو مشیر اعلیٰ حکومت بمبئی اور جوناگڑھ کی ریاست میں دیوان تھے۔ ذوالفقار علی بھٹو کوقائدعوام اوربابائے آئین بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے 1950 میں برکلے یونیورسٹی کیلیفورنیا سے سیاسیات میں گریجوایشن کی اور 1952میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے اصول قانون میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد مڈل ٹمپل لندن سے بیرسٹری کا امتحان بھی پاس کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 3دسمبر 1967 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔

ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد کے ساتھ ملک میں سیاست اور اقتدار کوعام آدمی کے سپرد کیا۔ ان کے بغیر پاکستانی سیاست کی تاریخ نامکمل ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی جدوجہد بڑی دلچسپ ہے۔ انہوں نہ صرف وطن کو سنبھالا بلکہ اس کے دفاع کو بھی مضبوط کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے چین کے ساتھ دوستی، مسلم ممالک کا بلاک، ایٹمی طاقت اور ون مین ون ووٹ کا نظام متعارف کرایا۔ خارجہ پالیسی اور عالمی اُفق پر چند فیصلے قائد عوام کو دنیا میں ممتاز لیڈر ز کی صف میں شامل کرتے ہیں۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک کرشماتی شخصیت کے مالک اور ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے عوام کے دلوں پر راج کیا۔ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی نظریات سے اختلاف کے باوجود ملک کی سیاسی قیادت ان کے کردار کی معترف ہے۔ منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو 4 اپریل 1979 کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ ان کی برسی کے موقع پر ملک کی سیاسی قیادت اور بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔