ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم سے چیئرمین آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (اے ڈی آر سی) اسلام آباد طیب نواز ملک اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے ڈی آئی جی آفس میں ملاقات کی جس میں شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی، باہمی تنازعات کے پرامن حل اور مصالحتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
پیچیدہ تنازعات کا خوش اسلوبی سے حل، اے ڈی آر سی کی کارکردگی قابل تحسین ہے، ڈی آئی جی اسلام آباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم سے چیئرمین آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (اے ڈی آر سی) اسلام آباد طیب نواز ملک اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے ڈی آئی جی آفس میں ملاقات کی جس میں شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی، باہمی تنازعات کے پرامن حل اور مصالحتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران اسلام آباد میں تھانہ کلچر کے متبادل کے طور پر اے ڈی آر سی کے کردار، عوام کو بلا تاخیر ریلیف کی فراہمی اور مختلف نوعیت کے تنازعات کو باہمی رضامندی سے حل کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اے ڈی آر سی کی اب تک کی کارکردگی اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے متعدد پیچیدہ تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرکے قابل تحسین خدمات انجام دی ہیں جس سے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور منصفانہ حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے مصالحتی اور مفاہمتی فورمز کو مزید موثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور دیہی علاقوں کے شہریوں کو اے ڈی آر سی کے مصالحتی فورم سے متعلق بھرپور آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ اور عوامی میل جول کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا کہ وہ سول اور دیگر قابل مصالحت نوعیت کے تنازعات کو طویل قانونی چارہ جوئی میں لے جانے سے قبل اے ڈی آر سی سے رجوع کریں تاکہ باہمی رضامندی سے معاملات کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔اس موقع پر چھوٹے بڑے سول تنازعات، اراضی کے معاملات، گھریلو اور تجارتی نوعیت کے مسائل کو میرٹ اور باہمی رضامندی کی بنیاد پر تیزی سے نمٹانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا تاکہ فریقین کے قیمتی وقت اور مالی وسائل کے ضیاع سے بچا جا سکے۔چیئرمین اے ڈی آر سی اسلام آباد طیب نواز ملک نے کہا کہ تنازعات کے پرامن اور خوش اسلوبی سے حل کے لیے اے ڈی آر سی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس اور اعلیٰ پولیس افسران کے تعاون سے اے ڈی آر سی کو مستقبل میں مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے گا تاکہ دارالحکومت کے شہریوں کو پرامن اور مفاہمتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ اور عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے گی اور کمیٹی کے دائرہ کار سے متعلق عوامی آگاہی کو مزید وسعت دی جائے گی۔








