پی ایس ایف کا 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کا اعلان

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا۔ بدھ کو پی ایس ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف)کے زیر اہتمام 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 9 سے 11 اکتوبر تک کراچی میں منعقد ہوگی

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا۔ بدھ کو پی ایس ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف)کے زیر اہتمام 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 9 سے 11 اکتوبر تک کراچی میں منعقد ہوگی جس میں ملک بھر سے سائیکلسٹس مردوں،خواتین ایلیٹ، جونیئر، پیرا سائیکلنگ اور ماسٹرز کیٹیگریز میں شرکت کریں گے۔چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز 9 اکتوبر کو صبح 9 بجے بحریہ ٹاؤن کراچی میں ہوگا جبکہ مختلف کیٹیگریز کے مقابلے تین روز تک جاری رہیں گے۔ اختتامی تقریب اور انعامات کی تقسیم 11 اکتوبر کو شام 4 بجے ہوگی جس میں کامیاب سائیکلسٹس کو میڈلز اور یادگاری شیلڈز دی جائیں گی۔چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)، گلگت بلتستان سکاؤٹس، گلگت بلتستان، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد اور مختلف اداروں و ٹیموں کے سائیکلسٹس شرکت کریں گے۔کرینگ ایڈک، پاکستان سائیکلنگ اکیڈمی اور دیگر سائیکلنگ ٹیمیں بھی ایونٹ میں حصہ لیں گی۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے اوپن ماسٹرز کیٹیگری بھی متعارف کرائی ہے جس کے تحت کراچی اور دیگر علاقوں کےمقامی سائیکلسٹس کو قومی سطح پر مقابلوں میں شرکت کا موقع ملے گا۔مردوں، خواتین اور جونیئر مقابلوں کے ساتھ پیرا سائیکلنگ کو بھی چیمپئن شپ میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے تاکہ معذور سائیکلسٹس کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سائیکلسٹس اور آفیشلز کے لیے بحریہ ٹاؤن کراچی میں رہائش اور دیگر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔میٹروحبیب بینک چیمپئن شپ کا سپانسر ہے جبکہ سپیشل اولمپکس سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن، سوئی سدرن گیس کمپنی، بحریہ ٹاؤن کراچی اور دیگر ادارے بھی ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے اور پاکستان میں سائیکلنگ کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ملک بھر کے میڈیا نمائندگان سے 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 2026ء کی بھرپور کوریج کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا تعاون قومی کھیلوں کے فروغ، سائیکلسٹس کی حوصلہ افزائی اور پاکستانی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوگا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے چیمپئن شپ میں شریک تمام اداروں، سپانسرز، میڈیا نمائندگان اور سائیکلنگ کمیونٹی کے اراکین کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ 10ویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 2026ء کامیابی سے منعقد ہوگی۔