پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی 19 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی ٹرافی 65 سینٹی میٹر لمبی اور 8 کلوگرام وزنی ہے،ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں اب یہی ٹرافی استعمال ہوگی

کراچی۔ 16 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹرافی کی تقریب رونمائی پہلی مرتبہ پاکستان میں ہوگی۔ پاکستان اور اسکواش کی دنیا کے سب سے کامیاب کھلاڑی جہانگیر خان پی ایس ایل کی چمچماتی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم پہنچیں گے۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی بدھ 19 فروری کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے جہانگیر خان ایونٹ …

کراچی۔ 16 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹرافی کی تقریب رونمائی پہلی مرتبہ پاکستان میں ہوگی۔ پاکستان اور اسکواش کی دنیا کے سب سے کامیاب کھلاڑی جہانگیر خان پی ایس ایل کی چمچماتی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم پہنچیں گے۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی بدھ 19 فروری کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے جہانگیر خان ایونٹ کی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم میں داخل ہوں گے۔ وہ یہ ٹرافی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے کریں گے۔ تقریب کے دوران سرفراز احمد ٹرافی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے حوالے کریں گے جو تمام فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کریں گے۔ پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی یو کے کی ایک کمپنی اوٹ وِل سلور اسمٹس نے تیار کی ہے۔ ٹرافی کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 65 سینٹی میٹر لمبی ٹرافی کا کل وزن 8 کلوگرام ہے۔ چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔ رواں سال متعارف کروائی جانے والی پی ایس ایل ٹرافی اب آئندہ تمام ایونٹ کے لیے مستقل رہے گی اور آئندہ ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس ٹرافی پر درج کردیا جائے گا۔ اسکواش کی دنیا کے بے تاج بادشاہ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کرنا ایک غیر معمولی لمحہ ہوگا اور وہ اس دن کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاندار انداز میں ملک میں اعلیٰ سطحی کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کیں، ان سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے دنیا کو پیغام ملے گا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ جہانگیر خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد سے ملک میں دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہوں گی، انہیں امید ہے کہ پی ایس ایل فائیو، گذشتہ چند دہائیوں سے ملک میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ لیجنڈری کھلاڑی نے کہا کہ وہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل شائقین کرکٹ کو کھیل سے محظوظ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔ جہانگیر خان کو اسکواش کا بے تاج بادشاہ کہا جاتا ہے۔ 17 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ برٹش اوپن ٹائٹل جیتنے والے جہانگیر خان نے مجموعی طور پر 6 مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ جہانگیر خان مسلسل 555 مقابلے جیتنے کا منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) وسیم خان نے کہا ہے کہ جہانگیر خان جیسے نامور اسپورٹس مین کی جانب سے پی ایس ایل کی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم میں آنا اس ٹرافی کے لیے بھی اعزاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ تقریب کا حصہ بننے پر جہانگیر خان کے بہت مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل بالآخر واپس پاکستان آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی لیگ ہے اور جلد یہ دنیا کی سب سے بہترین ٹی ٹونٹی لیگ بن جائے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) فائیو20 فروری سے 22 مارچ 2020 تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پردستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خریدسکتے ہیں۔