لاہور۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان بے بنیاد خبروں کی سختی سے تردید کی ہے،جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کیلئے شہروں کے نام فائنل کر دیئے گئے ہیں۔پی سی بی کے مطابق اس سلسلے میں سامنے آنے والی اطلاعات درست نہیں اور کسی نام کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔پی سی بی …
پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے بارے میں گردش کرتی خبریں بے بنیاد ہیں،ترجمان پی سی بی
لاہور۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان بے بنیاد خبروں کی سختی سے تردید کی ہے،جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کیلئے شہروں کے نام فائنل کر دیئے گئے ہیں۔پی سی بی کے مطابق اس سلسلے میں سامنے آنے والی اطلاعات درست نہیں اور کسی نام کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔پی سی بی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ طریقہ کار کے مطابق کامیاب بولی دہندگان کو حق حاصل ہوگا کہ وہ بولی دستاویزات میں درج شہروں کی فہرست میں سے اپنی پسند کے مطابق ٹیم کا نام منتخب کریں۔
دستیاب شہروں میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی نئے فرنچائز حقوق کے حصول میں ملکی و غیر ملکی دلچسپی کا خیرمقدم کرتا ہے۔واضح رہے کہ ٹیم فرنچائز حقوق کے حصول کیلئے باقاعدہ اشتہار15 نومبر2025 کو شائع کیا گیا،جس میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو بولیاں جمع کرانے کی دعوت دی گئی تھی۔ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔









