پی ایس بی کی ایچ ای سی انٹر ورسٹی ویمن بیس بال چیمپئن شپ سے متعلق خبروں کی وضاحت

پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) انٹر ورسٹی ویمن بیس بال چیمپئن شپ کے اختتامی تقریب کے بعد پیش آنے والے ایک الگ تھلگ واقعہ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے حقائق واضح کر دیئے ہیں۔ یہ چیمپئن شپ 13 جولائی 2026 کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی تھی۔ چیمپئن شپ کا مشترکہ انعقاد ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ …

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) انٹر ورسٹی ویمن بیس بال چیمپئن شپ کے اختتامی تقریب کے بعد پیش آنے والے ایک الگ تھلگ واقعہ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے حقائق واضح کر دیئے ہیں۔ یہ چیمپئن شپ 13 جولائی 2026 کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی تھی۔ چیمپئن شپ کا مشترکہ انعقاد ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان فیڈریشن بیس بال (پی ایف بی) نے کیا جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے کھیل کے میدان اور شریک کھلاڑیوں و آفیشلز کے لئے رہائش کی سہولت فراہم کی۔

انعامات تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد باہمی اختلاف کے باعث شریک دو ٹیموں کے چند ارکان کے درمیان مختصر تلخ کلامی ہوئی۔ اس موقع پر موجود ایچ ای سی اور پی ایس بی کے حکام نے فوری مداخلت کرتے ہوئے معاملہ وہیں حل کر دیا اور صورتحال کو مزید کسی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر مکمل طور پر قابو میں لے آئے۔پاکستان سپورٹس بورڈ واضح کرنا چاہتا ہے کہ یہ ایک الگ تھلگ واقعہ تھا جسے فوری طور پر حل کر لیا گیا اور اس سے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑا۔ یہ ایونٹ ملک بھر کی جامعات سے تعلق رکھنے والی خواتین کھلاڑیوں کی محفوظ اور مسابقتی ماحول میں شرکت کے ساتھ پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا۔

پی ایس بی کا مؤقف ہے کہ بعض رپورٹس میں اس واقعہ کو مناسب تناظر کے بغیر پیش کیا گیا جس سے ایسا تاثر پیدا ہوا جو حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتا۔ متوازن اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ نہایت ضروری ہے تاکہ ایسے انفرادی واقعات قومی سطح کے کامیاب کھیلوں کے انعقاد کو متاثر نہ کریں اور نہ ہی پاکستان میں خواتین کے کھیلوں کے فروغ کی حوصلہ شکنی کا باعث بنیں۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کے لیے محفوظ، پیشہ وارانہ اور معاون ماحول کی فراہمی کے اپنے عزم پر قائم ہے اور آئندہ بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن، قومی کھیلوں کی فیڈریشنز اور تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر کھیلوں کی اعلیٰ روایات، نظم و ضبط اور ایونٹ مینجمنٹ کے بہترین معیار کو برقرار رکھنے کے لئے کام کرتا رہے گا۔