پی ایف ایف کا اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کے کوالیفائرز کے لیے 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027 کے کوالیفائرز کے لیے 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ 8 سے 20 نومبر تک کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کی ٹیم گروپ ڈی میں ایران، اردن، میزبان لاس اور سری لنکا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027 کے کوالیفائرز کے لیے 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ 8 سے 20 نومبر تک کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کی ٹیم گروپ ڈی میں ایران، اردن، میزبان لاس اور سری لنکا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔ہیڈ کوچ محمد حبیب کی زیر نگرانی قومی ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے

جنہوں نے حال ہی میں منعقدہ پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ملک بھر سے شریک نوجوان فٹبالرز میں سے بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔23 رکنی اسکواڈ میں تین گول کیپرز، آٹھ ڈیفنڈرز، سات مڈفیلڈرز اور پانچ فارورڈز شامل ہیں۔ گول کیپرز میں سمر رضا ق، ولی اللہ اور احسن اللہ کو جگہ دی گئی ہے، جبکہ دفاعی شعبے میں ندیم حسین، حمزہ خان، محمد حماد، سید منظر شاہ، مبشر شاہ، محمد اویس، حسنین علی اور محسن امین شامل ہیں۔

مڈفیلڈ میں عبدالصمد، ارسلان فریدی، محمد خلیل اللہ، محمد عماد سرور، محمد انیس، باری داد اور عیسی خان قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ فارورڈز میں محمد رفیع، محمد موسی، محمد شہزاد، حضرت عباس اور حارث خان شامل ہیں۔پی ایف ایف کے مطابق نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی ٹیم تک رسائی حاصل کرنے کا ایک مسابقتی اور میرٹ پر مبنی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ اسکواڈ کا انتخاب ملک میں نوجوان فٹبالرز کی ترقی اور انہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اب لاس میں ہونے والے کوالیفائرز میں بہترین کارکردگی دکھانے اور اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027 کے لیے کوالیفائی کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

 

مزید خبریں