پی ایف سی کا وفد 11نومبر سے پرتگال میں شروع ہونے والی لزبن گلوبل ایکسپو میں شرکت کرے گا، میاں کاشف اشفاق

133
پی ایف سی کا وفد 11نومبر سے پرتگال میں شروع ہونے والی لزبن گلوبل ایکسپو میں شرکت کرے گا، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی کا وفد 11نومبر سے پرتگال کے شہر لزبن میں شروع ہونے والی 4روزہ لزبن گلوبل ایکسپو میں شرکت کرے گا۔

اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان نمائش میں دنیا بھر سے صنعتکار، اختراع کار اور پیشہ ور افراد شرکت کریں گے جس سے ان کے ساتھ ملاقاتوں، مذاکرات اور نیٹ ورکنگ سمیت صنعت سے متعلق امور اور مستقبل کے رجحانات پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔

ایکسپو میں پی ایف سی کی تازہ ترین اور جدید ترین تخلیقات نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی اور ان اختراعات کو اجاگر کیا جائے گا جو عالمی منڈی میں در پیش اہم چیلنجز کے حل پیش کرتی ہیں،پی ایف سی کا وفد صنعت سے وابستہ عالمی رہنماں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران معلومات کے تبادلے اور نئی شراکت داریوں کیلئے کوششیں بھی کرے گا، ایکسپو میں شریک سرمایہ کاروں کو ان جدید ٹیکنالوجیز اور سروسز کو دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں، نمائش کنندگان کی متنوع رینج سے سیکھنے اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے بامعنی ملاقاتوں اور بات چیت کیلے پر عزم ہے۔