پی ایم آئی سی کا اپنی کارروائی کے پہلے مرحلے میں بین الاقوامی کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) سے رابطہ

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم معائنہ کمیشن (پی ایم آئی سی) نے اپنی کارروائی کے پہلے مرحلے میں بین الاقوامی کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) سے رابطہ کیا ہے تاکہ ‘پینڈورا پیپرز’ کے نام سے لیک شدہ مالیاتی دستاویزات میں شامل پاکستانیوں کے بارے میں متعلقہ معلومات اور اعداد و شمار حاصل کیے جاسکیں۔

اس حوالے سے ایک نیوز ریلیز میں کہا گیا کہ آئی سی آئی جے کی تحقیقات سے وابستہ پاکستانی صحافیوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے معلومات اور ڈیٹا شیئر کریں جو ان کے پاس ہیں ، تاہم اس سلسلے میں ضروری تعاون کا ابھی انتظار ہے۔

وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے متعلقہ سرکاری اداروں سے بھی معاونت طلب کی ہے۔ بین الاقوامی کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی یو) کی جانب سے بعض پاکستانی افراد ، ان کی آف شور کمپنیوں ، ٹرسٹوں اور اثاثوں کے بارے میں انکشافات کے نتیجے میں وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعظم انسپکشن کمیشن (پی ایم آئی سی) کو معاملے کی جانچ کرنے اور اس ضمن میں مزید کارروائی کی تجویز دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

وزیر اعظم معائنہ کمیشن اپنا کام مکمل کرے گا اور متعلقہ ریکارڈ/معلومات کے جامع جائزہ اور تجزیے کے بعد سفارشات مرتب کرے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ یہ مشق منصفانہ اور معروضی انداز میں تکمیل تک پہنچے۔ اسی طرح متعلقہ افراد کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

وزیر اعظم معائنہ کمیشن احتساب ، شفافیت ، اچھی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے اور ان اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں دیگر اداروں اور معلومات فراہم کرنے والوں کی طرف سے کسی بھی قسم کی ان پٹ ، معلومات اور معاونت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔