اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کوالیفیکیشنز رجسٹریشن فریم ورک کے تحت ایم ایس، ایم ڈی، ایم ڈی ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی، ایف سی پی ایس، ایم سی پی ایس کی رجسٹریشن کا طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کونسل نے تمام …
پی ایم اینڈ ڈی سی کا پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کوالیفیکیشنز رجسٹریشن فریم ورک ،پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اعلامیہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کوالیفیکیشنز رجسٹریشن فریم ورک کے تحت ایم ایس، ایم ڈی، ایم ڈی ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی، ایف سی پی ایس، ایم سی پی ایس کی رجسٹریشن کا طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کونسل نے تمام ڈپلومہ پروگرامز کیلئے بھی رجسٹریشن فریم ورک جاری کر دیا ہے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ڈگریاں پاکستانی جامعات اور سی پی ایس پی جاری کرتی ہیں۔پی ایم ڈی سی پوسٹ گریجوئیٹ میڈیکل ایجوکیشن کمیٹی نے 7 جنوری 2026 کو کیسز سمیت کونسل نے غیر تسلیم شدہ ٹریننگ اداروں کی ڈگریوں کا مکمل جائزہ لیا۔کونسل نے سیکشن 25 ایکٹ 2022 کے تحت کیسز کا بغور جائزہ لیا اور رجسٹریشن میں سہولت کیلئے فراہم کردہ سابق ایمنسٹی پالیسیوں پر بھی غور کیا گیا۔
پی ایم ڈی سی نے کہا کہ غیر تسلیم شدہ ٹریننگ سائٹس سے حاصل پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں رجسٹر نہیں کی جائیں گی،ایمنسٹی ڈیڈ لائن دسمبر 2023 میں شامل نہ ہونے والی پی جی ڈگریز بھی رجسٹر نہیں کی جائیں گی۔ اعلامیہ کے مطابق سیکریٹریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیر التواء درخواستیں بمطابق قانون و کونسل فیصلے نمٹا ئی جائیں۔جامعات اور سی پی ایس پی کی پوسٹ گریجوئیٹ کوالیفیکیشنز رجسٹریشن ہم آہنگ کی جائیں گی،رجسٹریشن کا بنیادی معیار ٹریننگ پروگرام میں داخلہ یا شمولیت کی تاریخ ہوگی، تمام عمل پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 2022 کے نفاذ سے ہو گا۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے مزید کہا ہے کہ ایکٹ کے نفاذ سے قبل داخل امیدوار مقررہ شرائط پر ایمنسٹی کے تحت رجسٹریشن کے اہل ہو سکتے ہیں۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے 4 جون 2023 کے فیصلے کی بھی توثیق کی ہے،فیصلے میں واضح کیا گیا تھا کہ پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کا اطلاق ماضی پر نہیں ہوتا، 16 جنوری 2023 سے قبل داخل یا کوالیفائی کرنے والے امیدوار سابق قانونی فریم ورک کے تحت سمجھے جائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق مذکورہ تاریخ کے بعد داخل امیدواروں کیلئے ادارے، ڈگری اور ٹریننگ سائٹ کی قانونی تسلیم شدہ حیثیت ضروری ہو گی۔ کونسل نے کہا ہے کہ 19 ستمبر 2023 کا فیصلہ واضح ہے کہ پوسٹ گریجویٹ ڈگری اور ٹریننگ ادارے کی باقاعدہ منظوری لازمی ہے،سابق پی ایم سی ایکٹ 2020 کے تحت جمع کرائی گئی درخواستیں موجودہ قانون کے تحت قابلِ عمل نہیں ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق نئی درخواستیں پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 2022 کے مطابق جمع کرانی ہوں گی۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے مزید کہا ہے کہ محدود مدت کی ایک بار ایمنسٹی بھی دی گئی، جو مخصوص شرائط سے مشروط ہے، 13 جون اور 6 اگست 2024 فیصلے ایمنسٹی ان امیدواروں پر لاگو ہے جن کا فائنل امتحان 31 دسمبر 2023 تک منعقد ہوا،ایسے کیسز میں ڈگری پر درج امتحان کی تاریخ کو بنیاد بنایا جائے گا۔
مزید برآں کونسل نے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹیز کی 27 ستمبر 2022 تک داخلے کی حامل بنیادی سائنسز کی پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کی رجسٹریشن کی منظوری دی ہے۔ صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس بات کی تصدیق کی کہ قانون کے مطابق تمام اسپیشلسٹس کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد میرٹ کا تحفظ، یکساں معیار کا قیام، اور پاکستان میں میڈیکل ایجوکیشن اور اسپیشلسٹ ٹریننگ کے معیار اور سالمیت کو برقرار رکھنا ہے۔ پروفیسر رضوان تاج نے کہا کہ کونسل شفاف ، قانون کی تعمیل اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل تعلیم کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔








