پی ایچ اے شہریوں کو صحت مند، صاف و خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، ترجمان

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سیالکوٹ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے شہر کے پارکس کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش، شجرکاری سمیت گرین ایریاز کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

سیالکوٹ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سیالکوٹ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے شہر کے پارکس کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش، شجرکاری سمیت گرین ایریاز کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پارکس میں پودوں کی مناسب نگہداشت، گھاس کی کٹائی، پھولوں کی آبیاری، صفائی اور سبزہ زاروں کی دیکھ بھال کے ذریعے شہری تفریحی مقامات کو مزید خوبصورت بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ترجمان پی ایچ اے کےمطابق پارکس شہری زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سرسبز پارکس نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، تازہ ہوا کی فراہمی اور شہریوں کی جسمانی و ذہنی صحت کے لیے بھی اہم ہیں۔ پی ایچ اے کی جانب سے پارکس کی بہتری اور سبز مقامات کے تحفظ کے لیے اقدامات شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ پارکس میں صفائی کا خیال رکھیں، پودوں کو نقصان نہ پہنچائیں، کوڑا کرکٹ مقررہ جگہوں پر ڈالیں تاکہ شہر کے ان عوامی مقامات کو صاف ، سرسبز اور خوبصورت رکھا جا سکے۔