اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پی ایچ اے فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد شاہد حسین نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز اور منصفانہ مقصد کے لئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اپنے پیغام میں محمد شاہد حسین نے کہا …
پی ایچ اے فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد شاہد حسین کایوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے یک جہتی کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پی ایچ اے فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد شاہد حسین نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز اور منصفانہ مقصد کے لئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اپنے پیغام میں محمد شاہد حسین نے کہا کہ 27 اکتوبر یومِ سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے جو 1947 میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد اور ان کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے ثابت قدم ہیں۔ پی ایچ اے چیف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،ہمیں امید ہے کہ ان کی قربانیاں جلد امن، انصاف اور آزادی کا راستہ کھولیں گی جیسا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں وعدہ کیا گیا ہے۔
محمد شاہد حسین نے کہا کہ 27 اکتوبر صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ظلم کی وہ سیاہی ہے جو کشمیریوں کے زخموں پر رقم کی گئی، یہ ایک ایسے المیے کی یاد دلاتی ہے جو شہداء کے خون سے لکھی گئی تاریخ ہے۔انہوں نے کشمیری ماؤں اور خاندانوں کے حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہائیوں تک ظلم و جبر برداشت کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے، ظلم کا نظام ٹوٹے گا اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ جبر کے سائے چاہے کتنے ہی طویل کیوں نہ ہوں وہ دائمی نہیں ہوتے، جتنا گہرا اندھیرا ہوگا، آزادی کی صبح اتنی ہی قریب ہوگی۔
واضح رہے کہ پورے پاکستان میں یومِ سیاہ کشمیر یکجہتی کے مظاہروں، سیمینارز اور عوامی اجتماعات کے ذریعے منایا گیا۔ سرکاری و نجی اداروں، سول سوسائٹی تنظیموں اور شہریوں نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔








