چا غی۔ 12 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر چاغی ڈاکٹر طفیل بلوچ نے اپنے دفتر میں مقامی صحافیوں کو بتایا کہ پی بی 32 چاغی کی صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن کا عمل صاف و شفاف طریقے سے مکمل ہوا ،دالبندین میں بنائی گئی کنٹرول روم میں تمام پولنگ اسٹیشنز سے آئے ہوئے نتائج نیک نیتی کی بنیاد پر اپ لوڈ کر دی گئی ہم نے نتائج سے قبل اور نہ ہی بعد میں کسی بھی پارٹی یا امیدوار کو الیکشن کی کامیابی کی کال نہیں کی ہے اگر کسی بھی امیدوار یا پارٹی کے پاس ہمارے موبائل کی ریکارڈ موجود ہے تو وہ ڈی ایس آر نکال کر الزام ثابت کر دے تو میں بطور ڈپٹی کمشنر چاغی اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے دوں گا ۔
ڈپٹی کمشنر چاغی ڈاکٹر طفیل بلوچ نے کہا کہ الیکشن رزلٹ کا اعلان دوسرے روز دوپہر کے بعد ہوتا ہے جبکہ ایک پارٹی رزلٹ کے اعلان سے کئی گھنٹوں قبل جشن منا تی ہے رات بھر بھاری ہتھیاروں سے ہوائی فائرنگ کر تی ہے افسوس کہ ایک صوبائی اسمبلی کی سیٹ کے متعلق جہاں پر 91 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنے سے قبل صرف 15 یا 20 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج پر جشن ہلہ گلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
ڈی سی طفیل بلوچ نے کہا کہ وہ اور ان کا عملہ اللہ تبارک وتعالی کو حاضر ناظر جان کر نہایت ہی صاف و شفاف طریقے سے پرامن حالات میں انتخابی عمل کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا ۔انھیں اس چیز سے کوئی سروکار نہیں کہ کون جیتے یا کون ہارے بلکہ اس عمل پر وہ سو فیصد مطمئن ہیں کہ انہوں نے کسی کی سائیڈ نہیں لی اور نہ ہی ان کے عملے نے کنٹرول روم میں کام کرنے والے تمام افراد مقامی ہیں جن کا تعلق یہاں کے مختلف قبائل سے ہیں ان سے بھی پوچھا جائے پھر بھی دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا محض دوسروں پر الزام تراشی بلوچی و علاقائی روایات کے بر خلاف ہے ،ضلعی انتظامیہ ڈی آر او اور آر او سمیت الیکشن کمیشن کا عملہ ہر کسی بھی قسم کے بے بنیاد الزامات کی تردید کرتاہے