پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ماہ کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے،جس کی قیادت بدستور شان مسعود کریں گے۔یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ2025-27 کا حصہ ہے،جس کا پہلا میچ8 سے12 مئی تک ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ16 سے20 مئی تک سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ …
پی سی بی کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔18اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ماہ کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے،جس کی قیادت بدستور شان مسعود کریں گے۔یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ2025-27 کا حصہ ہے،جس کا پہلا میچ8 سے12 مئی تک ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ16 سے20 مئی تک سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اسکواڈ میں چار نئے کھلاڑیوں عبداللہ فضل،عماد بٹ، اذان اویس اور محمد غازی غوری کو شامل کیا گیا ہے،جو پہلی بار قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔اسکواڈ میں شامل پانچ کھلاڑی اذان اویس،امام الحق،محمد غازی غوری،نعمان علی اور ساجد خان اس وقت لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں۔
قومی ٹیم27 اپریل کو کراچی میں تربیتی کیمپ جوائن کرے گی،جو یکم مئی تک جاری رہے گا جبکہ ٹیم 2 مئی کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔ایچ بی ایل پی ایس ایل11 میں شریک کھلاڑی اپنی ٹیموں کی مہم مکمل ہونے کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے جبکہ فائنل کھیلنے والے کھلاڑی ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد براہ راست بنگلہ دیش روانہ ہوں گے۔ٹیم مینجمنٹ میں بھی اہم تقرریاں کی گئی ہیں۔سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو دورہ بنگلہ دیش کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ اسد شفیق بیٹنگ کوچ اور عمر گل بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
دیگر مینجمنٹ اسٹاف میں نوید اکرم چیمہ (منیجر)،عبدالسعد (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیوتھراپسٹ)،گرانٹ لیوڈن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)،عثمان ہاشمی (اینالسٹ)،سید نعیم احمد (میڈیا منیجر)، لیفٹیننٹ کرنل (ر) عثمان انوری (سکیورٹی منیجر)، ڈاکٹر واجد علی رفائی (ٹیم ڈاکٹر) اور محمد احسان (مساجر) شامل ہیں۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)،عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)،محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، نعمان علی،ساجد خان،سلمان علی آغا،سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ٹیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔








