لاہور۔1فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ ہائی پرفارمنس نے کوویڈ 19 کی غیرمعمولی صورتحال میں بھی پاکستان کپ پائورڈ بائی سروس ٹائرز کا کامیاب انعقاد کرکے دکھایا، کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ میں کل 33 میچز کھیلے گئے،ایونٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ چیمپئن خیبرپختونخوا کی ٹیم نے اس سے قبل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں سدرن پنجاب کو شکست دی تھی جبکہ قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنٹرل پنجاب کے ساتھ ان کا مقابلہ برابر رہا تھا۔پاکستان کے سابق آلرائونڈر عبدالرزاق نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے کوچنگ کیرئیر کا شاندار آغاز کیا۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم ان کی کوچنگ میں ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے تمام فرسٹ الیون ٹورنامنٹس کے فائنل میں پہنچی۔ شعبہ ہائی پرفارمنس اب تک ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے کل آٹھ ٹورنامنٹس (نیشنل انڈر 19 ون ڈے اور تھری ڈے ٹورنامنٹس، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون، قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون اور پاکستان کپ فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون)میں 204 میچوں کا کامیاب انعقاد کرچکا ہے۔ اس سیزن کا آخری ایونٹ، پی سی بی نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ 13 سے 23 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔اس دورن پی سی بی نے زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ میچزاور جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی میزبانی بھی کی۔