پی سی بی کی این سی اے میں منعقد ہونیوالے ریڈ بال کیمپ کی خصوصی ڈاکومنٹری جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں منعقد ہونے والے ریڈ بال کیمپ کی خصوصی ڈاکومنٹری جاری کر دی ہے، جس میں کیمپ کے دوران ہونے والی سرگرمیوں، تربیتی مراحل اور کھلاڑیوں کی تیاری کے دلچسپ مناظر شامل کیے گئے ہیں

لاہور۔18جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں منعقد ہونے والے ریڈ بال کیمپ کی خصوصی ڈاکومنٹری جاری کر دی ہے، جس میں کیمپ کے دوران ہونے والی سرگرمیوں، تربیتی مراحل اور کھلاڑیوں کی تیاری کے دلچسپ مناظر شامل کیے گئے ہیں۔این سی اے میں ریڈ بال کیمپ کا انعقاد 8 جون سے 10 جولائی تک کیا گیا، جس میں ابتدائی طور پر 22 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا جبکہ مزید تین کھلاڑیوں کو 25 جون کو کیمپ کا حصہ بنایا گیا۔ تقریبا 28 منٹ پر مشتمل اس ڈاکومنٹری میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، این سی اے کوچز اور دیگر متعلقہ افراد کے انٹرویوز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ڈاکومنٹری میں دکھایا گیا ہے کہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں میں بہتری، سکلز ڈیویلپمنٹ اور ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تیاری پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی ذہنی تیاری کے لیے خصوصی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا۔سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی سکلز ڈیویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ خصوصی لیکچرز بھی منعقد کروائے گئے تاکہ انہیں کھیل کے مختلف پہلوئوں سے آگاہی دی جا سکے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کے ذریعے بلے بازوں کو ٹیسٹ کرکٹ کے مخصوص مزاج کے مطابق لمبی اننگز کھیلنے اور مشکل حالات میں بیٹنگ کرنے کی ترغیب دی گئی۔قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے کہا کہ یہ ایک سخت اور مفید کیمپ تھا، جس کے ذریعے ہونے والی تیاری سے ہم مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی تربیت کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ کے چیلنجز کے لیے بہتر انداز میں تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔