پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورم پر کھڑے ہو کر دنیا کو بتایا ہے کہ اسلام صرف ایک ہے، وزیر اعظم نے اسلام سے متعلق لوگوں کی غلط فہمیاں دور کر دیں، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کبھی مسئلہ کشمیر کو اس طرح اجاگر نہیں کیا گیا، عمران خان …

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورم پر کھڑے ہو کر دنیا کو بتایا ہے کہ اسلام صرف ایک ہے، وزیر اعظم نے اسلام سے متعلق لوگوں کی غلط فہمیاں دور کر دیں، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کبھی مسئلہ کشمیر کو اس طرح اجاگر نہیں کیا گیا، عمران خان نے نہ صرف کشمیریوں بلکہ عالم اسلام کا سفیر ہونے کا ثبوت دیا جس پر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے سر فخر سے بلند ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سب ایک پیج پر ہیں سوائے ان کے جنہوں نے کرپشن کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی خطاب سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کئی ممالک کے سربراہان سمیت مجموعی طور پر 70 ملاقاتیں کیں اور انہوں نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں دنیا کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا، دنیا نہ صرف پاکستان کے موقف کو سن رہی ہے بلکہ سمجھ بھی رہی ہے اور اعتبار بھی کر رہی ہے۔ عمران خان نے پاکستان میں اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی کرپشن جو مہم شروع کی ہے اس وجہ سے دنیا ان پر اعتماد کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنی خوشی سے ایئر پورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کیلئے جاتے تھے تو آقاﺅں کی خدمت کرتے تھے، ان سے پیسے لیکر ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ہمیشہ ہر مسئلے پر اعتماد میں لیا لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن رہنما پارلیمنٹ میں کشمیر کیلئے نہیں صرف اپنے رہنماوں پروڈکشن آرڈر کیلئے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کے مارچ سے خوفزدہ نہیں، جمہوریت میں سب کو احتجاج کا حق ہے، عوام حقیقت جان چکے ہیں اسلئے اگر اپوزیشن احتجاج کیلئے نکلی تو عوام ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔