اسلام آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف نے بانی رکن، سینئر مرکزی رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کے انتقال کو پاکستان تحریک انصاف کیلئے نہایت صدمہ انگیز قرار دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان اور ملک بھر میں جماعتی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے مرحوم رہنما کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کے اہتمام کا فیصلہ …
پی ٹی آئی کا نعیم الحق کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان ، ملک بھر میں جماعتی سرگرمیاں معطل کردیں

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف نے بانی رکن، سینئر مرکزی رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کے انتقال کو پاکستان تحریک انصاف کیلئے نہایت صدمہ انگیز قرار دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان اور ملک بھر میں جماعتی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے مرحوم رہنما کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد، مرکزی سیکرٹری مالیات سراج احمد سمیت مرکزی قائدین نے نعیم الحق کی رحلت کو نہایت صدمہ انگیز قرار دیا ہے اور انہیں جماعت کیلئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے کہاہے کہ اپنے مرحوم سینئر رہنما کے انتقال کے سوگ میں پاکستان تحریک انصاف نے 3 روزہ سوگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 روزہ سوگ کے دوران ملک بھر میں تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں گے اور اپنے مرحوم ساتھی کے ایصال ثواب کیلئے مرکزی، ریجنل اور مقامی سطح پر دعائیہ تقاریب منعقد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق مرحوم کی رحلت سے ایسا خلاء پیدا ہوا ہے جسے پورا کرنا ناممکن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 3 روزہ سوگ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ تعزیتی سرگرمیوں کیلئے کھلا رہے گا اور مرکزی قائدین و کارکنان اپنے محبوب ساتھی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق مرحوم کی جدائی میں ہر کارکن اشکبار اور رب العزت سے انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق مرحوم چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وفاشعار ساتھی اور بیباک رہنما تھے جن کی سیاسی جدوجہد اور تحریک انصاف کے نصب العین سے وابستگی قابل تقلید ہے۔ ان کا کہنا تھا سوگ اور غم کی اس کیفیت میں اپنے مرحوم ہمسفر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اور ملک و جماعت کیلئے انکی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ زاہد حسین کاظمی کے مطابق ہرسطح کے ذمہ داران اپنے اپنے علاقوں میں نعیم الحق مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریبات کا اہتمام کریں گے اور پوری جماعت سوگ کے ان ایام میں اپنے عظیم مربی کے درجات کی بلندی کیلئے رب العالمین کے حضور دامن دعا دراز کریں گے۔








