پی ٹی آئی کے بانی نے دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگائے، حالانکہ خود بدعنوانی میں ملوث رہے،رانا ثنا اللہ خان

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس میں پی ٹی آئی کے بانی کو سنائی گئی سزا مکمل طور پر دستاویزی شواہد پر مبنی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے اس بات کی تصدیق کی …

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس میں پی ٹی آئی کے بانی کو سنائی گئی سزا مکمل طور پر دستاویزی شواہد پر مبنی ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے قانون کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے قیمتی تحائف کو جان بوجھ کر کم قیمت ظاہر کیا تاکہ انہیں ان کی اصل مالیت سے کہیں کم قیمت پر حاصل کیا جا سکے جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ میں رد و بدل سے لے کر غلط اندازِ قیمت لگانے تک ہر قدم قانونی اور ضابطہ جاتی اصولوں کی خلاف ورزی تھا اور مزید کہا کہ عدالت کا فیصلہ ان تمام خلاف ورزیوں کی مکمل عکاسی کرتا ہے۔رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کے بانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ برسوں تک قوم کو اخلاقیات اور دیانت داری کا درس دیتے رہے اور دوسروں پر کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات لگاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ برسوں تک قوم کو ان کے جھوٹے بیانیے کا سامنا رہاجس میں وہ دوسروں کو چور اور مجرم قرار دیتے رہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا عدالتی فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ خود بھی اسی نوعیت کی بدعنوانی میں ملوث رہے جو ان کی عوامی تقاریر اور عملی اقدامات کے درمیان واضح تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔