پی ٹی اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کا گرین آئی سی ٹی اور پائیدار ڈیجیٹل ترقی کے فروغ کیلئے تعاون پر اتفاق

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وزارت کلائمیٹ چینج اینڈ انوائرمنٹل کوآرڈینیشن کے مابین منگل کو پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد گرین آئی سی ٹی کے فروغ، ای ویسٹ کے ذمہ دارانہ بندوبست اور موسمی حوالے سے مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے قیام کا فروغ ہے۔ اس تعاون کے اہم نکات میں توانائی کی …

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وزارت کلائمیٹ چینج اینڈ انوائرمنٹل کوآرڈینیشن کے مابین منگل کو پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد گرین آئی سی ٹی کے فروغ، ای ویسٹ کے ذمہ دارانہ بندوبست اور موسمی حوالے سے مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے قیام کا فروغ ہے۔

اس تعاون کے اہم نکات میں توانائی کی بچت پر مبنی ٹیلی کام نیٹ ورکس، پائیدار آئی سی ٹی انفراسٹرکچر، اور ماحولیاتی ذمہ داری کے ضمن استعداد کار میں اضافہ شامل ہیں۔چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ یہ تعاون پاکستان کے ڈیجیٹل ایجنڈے میں ماحولیاتی ذمہ داری کو ضم کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے جو ’’ڈیجیٹل پاکستان وژن‘‘، ’’وژن 2025‘‘ اور اقوامِ متحدہ کے ’’پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز)‘‘کے عین مطابق ہے۔پی ٹی اے، آئی ٹی یو کے G5 ریگولیٹری فریم ورک کی روشنی میں ایسا ڈیجیٹل مستقبل تشکیل دینے کے لئے پرعزم ہے جو ماحول کے تحفظ، شمولیت اور پائیداری کے اصولوں پر مبنی ہو۔