لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ دریائوں میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 41 سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دریائوں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 41 لاکھ 51 ہزار لوگ متاثر ہوئے، سیلاب میں پھنس …
پی ڈی ایم اے کی دریائے راوی، ستلج وچناب میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری، سیلاب سے 41 سو سے زائد موضع جات متاثر

مزید خبریں
لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ دریائوں میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 41 سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دریائوں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 41 لاکھ 51 ہزار لوگ متاثر ہوئے، سیلاب میں پھنس جانے والے 20 لاکھ 73 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں413 ریلیف کیمپس اور494 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں،اسی طرح مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 436 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں،متاثرہ اضلاع میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں 15 لاکھ 22 ہزار جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ منگلا ڈیم 88 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے،اسی طرح دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 90 فیصد تک بھر چکا ہے،پونگ ڈیم 99 فیصد اور تھین ڈیم 97 فیصد تک بھر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں ڈوبنے سے 56 شہری جاں بحق ہوئے،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔








